کراچی میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 240 کورنگی 2 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
حلقے کے 309 پولنگ اسٹیشنز میں سے 36 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم – حقیقی) کے سید رفیع الدین فیصل 1468 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔
تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدوار شہزادہ شہباز (کاشف قادری) 1143 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
پولنگ کا عمل
حلقے میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا۔
مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کی اجازت تھی۔
ریجنل الیکشن آفیسر ندیم احمد نے کہا تھا کہ پولنگ کے وقت میں اضافہ نہیں کیا جارہا۔
انہوں نے کہا تھا کہ کچھ پولنگ اسٹیشن پر پریزائیڈنگ افسران پر بھی تشدد کیا گیا۔
فائرنگ کے واقعات
ضمنی انتخاب کے دوران لانڈھی 6 نمبر میں مختلف مقامات پر فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کے واقعات میں ایک شخص ہلاک اور پی ایس پی رہنما سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کے بعد پولنگ کا عملہ بھاگ گیا، عملہ غائب ہونے پر نامعلوم افراد نے بیلٹ باکس توڑ دیے۔
فائرنگ کے دوران ریسکیو ادارے کی ایمبولنس پر بھی گولیاں لگیں، جبکہ علاقے میں کاروبار بھی بند کروادیا گیا۔
این اے 240 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ڈی آر او ندیم حیدر نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈی آر او ندیم حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس حلقے میں 203 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں، جہاں پولیس اور رینجرز تعینات کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام پولنگ اسٹیشنز میں تیاریاں مکمل ہیں، جبکہ حکومت نے اس حلقے میں آج چھٹی کا اعلان کیا۔
ضمنی انتخاب کے لیے حلقے میں گزشتہ روز ہی پولنگ کا سامان پہنچا دیا گیا تھا۔
حلقہ این اے 240 میں 5 لاکھ 29 ہزار سے زائد ووٹرز ہیں، 309 پولنگ اسٹیشنز اور 1236 پولنگ بوتھس قائم کیے گئے۔
اس حلقے میں 106 پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیے گئے ہیں۔
انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز اور 812 پولنگ بوتھس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔
حلقہ این اے 240 کی نشست ایم کیو ایم کے منتخب رکنِ قومی اسمبلی اقبال محمد علی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
اس حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 25 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے امیدوار محمد ابوبکر اپنی جماعت کی نشست دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں جبکہ مہاجر قومی موومنٹ کے رفیع الدین فیصل اور پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے شبیر قائم خانی ان کے مقابلے میں موجود ہیں۔
قومی اسمبلی کی یہ نشست جیتنے کے لیے پیپلز پارٹی کے ناصر لودھی اور تحریکِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے شہزادہ شہباز بھی ڈٹے ہوئے ہیں جبکہ تحریکِ انصاف اور جماعتِ اسلامی مقابلے میں شامل نہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اس حلقے کے حوالے سے کے-الیکٹرک کو ہدایت کی گئی کہ 15 جون سے 17 جون تک یہاں بجلی بحال رکھی جائے۔
Comments are closed.