کراچی کے علاقے کلفٹن میں پولیس اور رینجرز نے 2 کچی آبادیوں میں کومبنگ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ رائے اعجاز احمد کے مطابق مختلف خفیہ اطلاعات پر کراچی کے کلفٹن اور بوٹ بیسن تھانوں کی حدود میں رات گئے اچانک کارروائی شروع کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے رینجرز کی بھاری نفری کے ہمراہ کلفٹن کی شاہ رسول کالونی اور نیلم کالونی میں مشترکہ کارروائی کی۔
رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری داخلی و خارجی راستوں پر تعینات کی گئی اور کسی کو بھی ان علاقوں میں آنے جانے کی اجازت نہیں تھی۔
رائے اعجاز احمد کے مطابق مشترکہ کارروائی کے دوران گھر گھر تلاشی کا عمل جاری رہا، اس دوران مختلف مقامات اور گھروں میں موجود افراد کے شناختی کارڈ چیک کیے گئے، بیشتر افراد کا بائیومیٹرک بھی کیا گیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ اعجاز احمد کے مطابق آخری اطلاعات تک آپریشن کے دوران کوئی غیر قانونی عمل تو دیکھنے میں نہیں آیا تاہم مشکوک افراد کو کچھ دیر کے لیے حراست میں رکھا گیا۔
Comments are closed.