بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی: اسٹریٹ کرائم کی سنچری کرنے والا انتہائی مطلوب ملزم گرفتار

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی سنچری مکمل کرنے والا انتہائی مطلوب ملزم گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ رائے اعجاز احمد نے تصدیق کی کہ ملزم اسٹریٹ کرائمز کا انتہائی مطلوب ملزم ہے، جس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول، چھینے گئے اے ٹی ایم کارڈز، موبائل فونز اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ملزم فرخ جاوید عرف سلمان جاوید کراچی کے پوش علاقوں میں ڈکیتی کی وارداتیں کرتا رہا ہے۔

رائے اعجاز کے مطابق ملزم پر ڈکیتی کے دوران سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے سیکیورٹی گارڈ کو زخمی کرنے کا بھی الزام ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ملزم فرخ عرف سلمان کراچی کی دہلی کالونی میں خاتون صحافی کے زیورات لوٹنے میں ملوث تھا۔

رائے اعجاز کے مطابق ملزم پہلے بھی گرفتار ہوتا رہا ہے، وہ اپنی غلط شناخت بتا کر سابقہ ریکارڈ کو چھپا لیتا تھا۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش کلفٹن، ڈیفنس، ملیر، کورنگی، صدر، فرئیر اور دیگر علاقوں میں وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

ایس پی صدر زاہدہ پروین کا ملزم سے متعلق کہنا ہے کہ وہ وارداتیں کرنے کے بعد حیدرآباد یا بلوچستان فرار ہوجاتا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم فرخ جاوید یا سلمان جاوید کے خلاف حیدر آباد کے اے سیکشن، فورٹ اور رسی مارکیٹ تھانوں میں بھی مقدمات درج ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.