بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی: ڈکیتی کے دوران ماں اور بہن کے سامنے نوبیاہتا نوجوان قتل، CCTV فوٹیج سامنے آگئی

کراچی کے علاقے  پی ای سی ایچ ایس (پاکستان ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی) میں کشمیر روڈ کے قریب ایک گھر کے باہر ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ملزم کی فائرنگ سے نوبیاہتا نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس نے اس دلخراش واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ 

پولیس کے مطابق واقعہ پی ای سی ایچ سوسائٹی میں کشمیر روڈ پر اسپورٹس کمپلیکس کے قریب پیش آیا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماں بیٹی رکشے میں گھر کے باہر پہنچتی ہیں کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار ملزم انہیں گن پوائنٹ پر آکر گھیر لیتا ہے۔

اس دوران ایک خاتون نے گھر کی گھنٹی بجائی۔ رکشا ڈرائیور ماں بیٹی کی مدد کرنے کے بجائے رفو چکر ہوگیا۔ اسی گلی میں موجود سیکورٹی گارڈ نے بھی کوئی مدد نہیں کی۔ 

خاتون کا بیٹا شاہ رخ اچانک دروازہ کھول کر باہر نکلا تو ملزم نے بوکھلا کر اس پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔ گولیاں لگنے سے زخمی شاہ رخ کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔

پولیس کے مطابق متوفی کار شوروم چلاتا تھا جس کی چند روز قبل شادی ہوئی تھی اور گھر میں ان دنوں ولیمہ کی تیاری ہو رہی تھی۔ 

نوبیاہتا شاہ رخ کی اچانک موت پر گھر میں کہرام مچ گیا ہے۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.