کراچی چڑیا گھر میں موجود نایاب نسل کا سفید شیر ہلاک ہو گیا۔ گزشتہ کئی روز سے شیر کے لاغرپن کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل تھی۔
کراچی زو میں موجود نایاب نسل کا سفید شیر 20 دن بیمار رہنے کے بعد آخر کار مرگیا، چڑیا گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شیر نمونیا کا شکار تھا اور نہایت کمزور ہونے کے باعث دوران علاج مر گیا۔
چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق نایاب نسل کے اس سفید شیر کو افریقا سے 2012 میں درآمد کیا گیا تھا، شیر کو اُس وقت ایک کروڑ روپے کی خطیر رقم ادا کر کے لایا گیا تھا، شیر کی عمر 14 سے 15 سال تھی۔
ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کا کہنا ہے کہ سفید شیر کو ٹی بی کا مرض لاحق تھا، اور اس کے پھیپھڑوں نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا، شیر کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے، رپورٹ سامنے آنے پر موت کی وجہ سامنے لائی جائے گی۔
دوسری طرف ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کراچی چڑیا گھر میں سفید شیر کے مرنے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی زو میں جانوروں کو کھانا فراہم کرنے والے ٹھیکیدار نے4 ماہ سے بقایہ جات ادا نہ ہونے کی وجہ سے جانوروں کو کھانا دینا بند کر دیا تھا، جس کے باعث تین روز تک چڑیا گھر کے جانوروں نے کچھ نہیں کھایا اور گزشتہ روز ہی خوراک کی فراہمی کے معاملات طے پاگئے تھے۔
Comments are closed.