کراچی: پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم مشکلات سے دوچار ہے اور دوسری اننگز میں 187 رنز پر 4 وکٹیں گنوا چکی ہے، پہلی اننگز میں 158 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز میں ابتک صرف 29 رنز کی برتری حاصل ہوئی ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان نے 308 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز شروع کی تو حسن علی اور نعمان علی وکٹ پر موجود تھے۔ حسن علی نے دن کی ابتدا میں ہی کچھ ہاتھ دکھائے لیکن کگیسو ربادا نے ان کی وکٹیں بکھیر کے 21 رنز کی اس مختصر اننگز کا خاتمہ کردیا۔
اس وکٹ کے ساتھ ہی ربادا نے ٹیسٹ کرکٹ میں 200 وکٹوں کا سنگ میل بھی عبور کر لیا۔ حسن علی کے آؤٹ ہونے کے بعد یاسر شاہ اور نعمان علی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے آخری وکٹ کے لیے 55 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی اور شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب نعمان 24 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی پوری ٹیم 378 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نے پہلی اننگز میں 158 رنز کی برتری حاصل کرکے میچ پر گرفت مضبوط کرلی، یاسر شاہ 38 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشپ مہاراج اور کگیسو ربادا نے تین، تین جبکہ اینرج نورجے اور لنگی نگیدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ نے 158 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے کھانے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔ پاکستان کو پہلی کامیابی کھانے کے وقفے کے بعد اس وقت ملی جب 29 رنز بنانے والے ڈین ایلگر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد مرکرم کا ساتھ دینے راسی وین ڈر ڈوسن آئے اور دونوں نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے سیشن میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔
دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو خسارے نکالتے ہوئے برتری دلائی اور دوسری وکٹ کے لیے 127 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔ اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب یاسر شاہ کی گیند پر عابد علی نے کیچ لے کر ڈوسن کو چلتا کردیا جنہوں نے 64 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کو اگلی وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور فاف ڈیو پلیسی 10 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی اننگز میں تیسری وکٹ بن گئے۔تاہم جنوبی افریقہ کو دن کے اختتام سے قبل بڑا دھچکا اس وقت لگا جب دوسرے اینڈ پر موجود مرکرم 74 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کو وکٹ دے بیٹھے۔
میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقہ نے 4وکٹوں کے نقصان پر 187رنز بنائے تھے اور اسے دوسری اننگز میں صرف 29رنز کی برتری حاصل ہے۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے3 اور نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
The post کراچی ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی پوزیشن مضبوط appeared first on Urdu News – Today News – Daily Jasarat News.
Comments are closed.