کے الیکٹرک صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی 10روپے 80 پیسے سستی کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
نیپرا میں کے الیکٹرک کی دسمبر کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی سماعت چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیرصدارت ہوئی۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ دسمبر ایڈجسٹمنٹ کے تحت کے الیکٹرک صارفین کو ریلیف دیا گیا ہے۔
کے الیکٹرک نے فی یونٹ بجلی 10روپے 26پیسے سستی کرنے کی درخواست کی تھی۔
نیپرا اتھارٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ دسمبر میں کے الیکٹرک کی فرنس آئل کھپت کم رہی اور ایل این جی کی قیمت بھی کم تھی۔
کے الیکٹرک درخواست کے مطابق کراچی کے صارفین کو 12 ارب روپے سے زیادہ کا ریلیف ملے گا۔
سی ایف او کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک سولر اور ونڈ پر بجلی منصوبے لگانے پر کام کر رہی ہے۔
’ملک کے دیگر حصوں میں فی یونٹ بجلی 2 روپے 31 پیسے سستی ہوگی‘
اس کے علاوہ چیئر مین نیپرا نے کہا کہ ملک کے دیگر حصوں میں ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی 2 روپے 31 پیسے سستی ہو گی، ڈسکوز کے صارفین کو 18 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔
چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ صرف بجلی کے پلانٹس لگاتے جارہے ہیں، ان پلانٹس سے این ٹی ڈی سی کے پاس بجلی اٹھانے کی سہولت نہیں، این ٹی ڈی سی کے پاس ٹرانسمیشن لائن ہی نہیں۔
توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ عوام کے خون پسینے کی کمائی سے پلانٹ لگے ہیں، صارفین نیپرا کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیپرا نے پاور سیکٹر کے تمام شراکت داروں کو آج 2 بجے بلایا ہوا ہے، نیپرا اتھارٹی تمام متعلقہ شراکت داروں کو آج سنے گی، شراکت داروں کی آراء کے بعد انکوائری کی نوعیت کا فیصلہ ہو گا۔
چیئرمین نیپرا کا کہنا ہے کہ نیپرا اتھارٹی یہ فیصلہ کرے گی کہ آزادانہ انکوائری کرانی چاہیے یا مشترکہ ہو، وفاقی حکومت تو پہلے ہی بجلی بریک ڈاؤن پر ایک انکوائری کر رہی ہے۔
توصیف ایچ فاروقی نے یہ بھی کہا کہ پاور بریک ڈاؤن کے معاملے پر مختلف سطح پر انکوائریاں ہو رہی ہیں، حکومت کو ایڈوائزری بھیجی کہ 6، 6 ماہ کے لیے اداروں میں ایڈہاک بنیادوں پر تعیناتیاں نہ کی جائیں۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی 2 روپے 32 پیسے سستی ہو گی، ڈسکوز کے صارفین کو 18 ارب روپے کا ریلیف ملے گا، صارفین کو ریلیف فروری کے بلوں میں ملے گا، حتمی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
Comments are closed.