منگل 8 ؍رجب المرجب 1444ھ31؍جنوری2023ء

پی ٹی آئی کا خیبرپختونخوا میں انتخابات کرانے کیلئے عدالت سے رجوع

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا میں 90 دن کے اندر انتخابات کرانے کے لیے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

پی ٹی آئی کے صوبائی رہنماؤں نے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن کرانا لازمی ہے، الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ کے لیے گورنر خیبرپختونخوا کو خط لکھا ہے، گورنر نے ابھی تک انتخابات کے لیے تاریخ نہیں دی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن کے اندر الیکشن کرانا نگراں حکومت کی ذمے داری ہے۔

سابق صوبائی وزیر عاطف خان نے ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات منعقد کرانے کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے، بروقت الیکشن کرانا آئینی ضرورت ہے۔

عاطف خان کا کہنا ہے کہ آئین میں ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن کرانے ہوتے ہیں، اب تک گورنر نے تاریخ نہیں دی، یہ غیر آئینی اقدام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پتہ نہیں پی ڈی ایم الیکشن سے کیوں بھاگ رہی ہے، گورنر نے 90 دن میں الیکشن کرانے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ نگراں کابینہ غیر سیاسی ہوتی ہے لیکن ایسا لگ رہا ہے کہ یہ پی ڈی ایم کی کابینہ ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.