بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی میں مون سون کی پہلی بارش، موسم خوشگوار، بجلی کا نظام درہم برہم

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں علی الصبح بارش کے ساتھ ہی مون سون کے پہلے اسپیل کا آغاز، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے، تاہم شہر میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صبح ہوتے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، جس سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہو گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گجرات سے ہوا کے کم دباؤکاسسٹم سندھ میں داخل ہوگیا ہے ، بارش کا سسٹم شہرمیں ملیر،لانڈھی سے داخل ہوا تاہم کچھ دیر میں آسمان صاف ہو جائے گا جبکہ آج شام پھر بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا سب سےزیادہ بارش گلشن حدیدمیں17ملی میٹر اور ایئرپورٹ پر3ملی میٹر ، نوری آباد میں 8ملی میٹر ، پی اےایف فیصل بیس میں 5ملی میٹر ، یونیورسٹی روڈ اوراطراف میں 4.3 ملی میٹر ، لانڈھی میں 4ملی میٹر،سعدی ٹاؤن میں 3.6 ملی میٹر، جناح ٹرمینل میں 3.2 ملی میٹر اور سرجانی میں 2.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب مون سون کی پہلی بارش کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے، بارش کے باعث 600 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوگئے ہیں، فیڈرزٹرپ کرنے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی،

متاثرہ علاقوں میں نارتھ کراچی، شادمان، ملیر ، سر جانی ، گڈاپ، کاٹھور ، گلشن معمار،گلشن ، اقبال، لانڈھی ،کورنگی،سعودآباد،پاپوش ، کلفٹن،لیاقت آباد،ناظم آباد ، سائٹ،نارتھ ناظم آباد،ایف بی ایریا،کیماڑی ،بلدیہ شامل ہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں سے بجلی بند ہونے کی اطلاعات ملی ہیں، اطلاعات کا جائزہ لے رہے ہیں اور صورتحال سے آگاہ کرتے رہیں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ لگ بھگ 500 فیڈرزکی فراہمی متاثر ہے اور 1400فیڈرز آپریشنل ہیں ، بجلی کی بحالی کیلئے ٹیموں کو متحرک کردیاگیاہے اور دھابیجی میں بجلی کی فراہمی کو ترجیحی بنیاد پر بحال کیا گیا ہے۔

You might also like

Comments are closed.