بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی میں رات کتنی بارش ہوئی، اعداد و شمار جاری

کراچی میں گزشتہ رات گیارہ بجے تک ہوئی بارش کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں، سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 52.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ناظم آباد میں 26.5، نارتھ کراچی میں 23.1 ملی میٹر، گلشن معمار میں 23 ملی میٹر، مسرور بیس میں 19.5، جناح ٹرمینل پر 1.8 ملی میٹر، اولڈ ایئر پورٹ پر 1.2، اورنگی ٹاؤن میں 21.6 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 18، کیماڑی میں 7.5، سعدی ٹاؤن میں19.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات کو شروع ہونے والی تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ آج صبح بھی جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق اورنگی ٹاؤن، ملیر، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، برنس روڈ، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، یو پی موڑ اور اطراف کے علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ شب ہوئی تیز بارش کے سبب نیو کراچی سیکٹر فائیو ڈی میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، کے ڈی اے چورنگی، حیدری مارکیٹ، ایم اے جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ، موسمیات کے قریب بارش کا پانی جمع ہے جبکہ بارش کے باعث کئی سڑکوں پر گاڑیاں بند ہونے کے باعث رات کو شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بارش کی وجہ سے انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کے تحت آج ہونے والے تمام پرچے ملتوی کردیے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، قلعہ عبداللّٰہ میں پانی کے دباؤ سے تین ڈیم ٹوٹ گئے اور سیلابی ریلے مختلف علاقوں میں داخل ہوگئے جس کے باعث لوگ پھنس گئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پیر علی زئی گاؤں میں 25 بچوں کو سیلابی ریلے سے نکال لیا گیا جبکہ سیلاب سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.