سندھ حکومت کے ترجمان، مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کراچی میں ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کروا رہی ہے جبکہ وفاقی حکومت نے اس شہر کو یکسر نظر انداز کردیا ہے۔
وہ گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر گفتگو کررہے تھے، بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، جبکہ صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی ارشاد سوڈھر نے ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضٰی وہاب کو بریفنگ دی۔
بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے دو تلوار، تین تلوار، گزری، پنجاب چورنگی، برنس روڈ، سندھ سیکریٹیریٹ، صدر، پاکستان چوک، حقانی چوک اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا۔
انہوں نے بعض علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی اور نالوں کی صفائی کا بھی جائزہ کیا، ڈپٹی کمشنر نے ضلع جنوبی کے نالوں کے جاری صفائی کے کام پر بھی انہیں بریف کیا۔
بیرسٹر مرتضٰی وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں پیپلز پارٹی کی حکومت ترقیاتی کاموں کو ترجیح دے رہی ہے، کراچی میں سڑکوں کی تعمیر، پارکس کی بحالی، نالوں کی مرمت، سیوریج کے نظام کی بہتری کے لیے کام جاری ہیں۔
انھوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں میں ڈرینج سسٹم کی تعمیر کا کام بھی جاری ہے، ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کی سہولت کے لیے کاموں کو جلد مکمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بیانات نہیں بلکہ عملی اقدام پر یقین رکھتے ہیں اور وہ گراؤنڈ پر نظر بھی آرہا ہے جبکہ دوسری جانب نا اہل سرکار نے صرف اعلانات پر اکتفا کیا ہے، کراچی کے شہریوں کو سبز باغ دکھائے ہیں اب عوام پی ٹی آئی کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں، شہری کسی بھی طرح ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔
Comments are closed.