بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی میں بھاری آہنی آلات سائٹ کی اسٹیل مل میں بوائلر پھٹنے سے گرے: پولیس تحقیقات

کراچی کے پاک کالونی اور سائٹ تھانے کی حدود میں بھاری آہنی آلات فضا سے گرنے کا معمہ کراچی پولیس نے چند گھنٹوں میں حل کر لیا۔ اسٹیل مل کا بوائلر انتہائی شدت سے پھٹنے سے آہنی پارٹس ایک کلومیٹر میں گرے جس سے ایک شخص زخمی بھی ہوا۔

کراچی کے علاقے پاک کالونی کے میوہ شاہ قبرستان اور سائٹ میں فضا سے گرنے والے بھاری آہنی آلات قبروں، سڑک اور گھر میں دھنسنے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ 

ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری کی ہدایت پر متعلقہ تھانوں کی پولیس فوری طور پر حرکت میں آگئی۔ بم دسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا، عینی شاہدین کے بیانات لیے گئے اور بھاری آہنی آلات کا معائنہ کیا گیا تو وہ کسی اسٹیل مل کے بوائلر کے پارٹس ظاہر ہوئے۔ 

پولیس کے مطابق اس سلسلے میں سائٹ کے علاقے ہارون آباد میں واقع اسٹیل مل سے معلومات لی گئیں تو گزشتہ رات اس اسٹیل مل میں بوائلر پھٹنے کے واقعہ کی تصدیق ہوئی جبکہ عینی شاہدین نے بھی یہ حصے رات کو گرنے کی تصدیق کی۔ 

ایس ایس پی فدا حسین جانوری کے مطابق اسٹیل مل انتظامیہ کو مذکورہ آہنی آلات دکھائے گئے تو انہوں نے بوائلر پارٹس کے طور پر شناخت کیا ہے۔

پولیس کے مطابق میوہ شاہ قبرستان میں یہ بھاری آہنی حصے گرنے سے قبروں کو نقصان پہنچا۔ پاک کالونی میں ہی ایک حصہ سڑک پر گرنے سے سڑک دھنس گئی جبکہ سائٹ میں آئی جی ایس بیٹری کی فیکٹری کے قریب ایک آہنی حصہ گھر میں گرا جس سے گھر کو نقصان پہنچا۔ 

اس واقعہ میں ایک شخص زخمی ہوا۔ پولیس کے مطابق واقعہ شرپسندی ہے اور نہ ہی آسمان سے کوئی پراسرار چیز گری ہے بلکہ یہ اسٹیل مل کے بوائلر کے بھاری بھر حصے ہیں۔ ایک کلو میٹر کے علاقے میں یہ بھاری حصے گرنے سے دھماکے کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ 

پولیس کے مطابق اس سلسلے میں تاحال کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے تاہم معاملے کی چھان بین کی جا رہی ہے

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.