کراچی میں گزشتہ روز ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے صحافی اطہر متین کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔
صحافی اطہر متین کی نمازِ جنازہ کراچی کے علاقے کلفٹن بلاک 5 کی مسجدِ صدیق میں ادا کی گئی۔
اطہر متین کی نمازِ جنازہ میں اہلِ خانہ، دوست، احباب، عزیز و اقارب اور صحافی برادری شریک ہوئی۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور رہنما تحریکِ انصاف علیم خان نے بھی اطہر متین کے جنازے میں شرکت کی۔
جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن، صوبائی وزیرِ سندھ سعید غنی، ایم کیو ایم بحالی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، سابق میئر کراچی وسیم اختر، سابق ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ بھی اطہر متین کے جنازے میں شریک ہوئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں نجی ٹی وی چینل سے تعلق رکھنے والے صحافی اطہر متین اس وقت ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر جاں بحق ہو گئے جب انہوں نے راستے میں لوٹ مار کی واردات ہوتے دیکھ کر ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل سے اپنی کار ٹکرا دی۔
پولیس کے مطابق گرنے والے ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں اطہر متین گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ملزمان ایک اور موٹر سائیکل چھین کر باآسانی فرار ہو گئے۔
Comments are closed.