جمعہ 19؍ربیع الاول 1445ھ6؍اکتوبر 2023ء

کراچی: صحافیوں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کیلئے کیماڑی میں زمین کی نشاندھی

کراچی پریس کلب کے باقی ماندہ اراکین کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لیے تقریباً 125 ایکڑ اراضی درکار ہے، اس ضمن میں صحافیوں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لیے کیماڑی میں موجود زمین کی نشاندھی کی گئی ہے۔

سیکریٹری محکمۂ اطلاعات سندھ ندیم الرحمٰن میمن کی صدارت میں کراچی پریس کلب اراکین کے مسائل کے حل کے لیے اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں کراچی پریس کلب کے صدر اور سیکریٹری نے صحافیوں کو الاٹ کردہ پلاٹوں پر ناجائز تجاوزات کے خلاف کامیاب آپریشن اور تجاوزات ختم کرنے پر سندھ حکومت اور متعلقہ تمام اداروں اور افسران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کراچی پریس کلب کے اراکین کے مسائل کے حل کے لیے قائم شدہ یہ کمیٹی بہترین مشاورت اور معاونت کے ساتھ کام ک رہی ہے جس سے صحافیوں کے مسائل تیزی سے حل ہو رہے ہیں۔

اجلاس میں کراچی پریس کلب کے باقی ماندہ اراکین کو پلاٹس کی الاٹمنٹ پر کام کی رفتار کو تیز کرنے پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی پریس کلب کے باقی ماندہ 700 اراکین کے لیے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لیے تقریباً 125 ایکڑ اراضی درکار ہے۔

اجلاس میں کراچی پریس کلب کے باقی ماندہ اراکین کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لیے ضلع کیماڑی میں زمین موجودگی کی بھی نشاندہی کی گئی اور بتایا گیا کہ مذکورہ اراضی لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی (LDA) کے زیرِ انتظام ہے۔

اجلاس میں صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد، ڈائریکٹر جنرل لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی سید شبیہ الحسن، ڈپٹی کمشنر کیماڑی جنید اقبال خان، ڈپٹی کمشنر ملیر سعید لغاری، سیکریٹری ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی ایم عرفان، ڈی ایس لینڈ یوٹیلائزیشن غضنفر علی عباسی، ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ ذیشان احمد خان، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز سوائی خان چھلگری، ڈائریکٹر پریس انفارمیشن حسن اصغر نقوی، انفارمیشن افسر سریش کمار اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.