کراچی میں گزشتہ شب سابق چیف جسٹس پاکستان سعید الزمان صدیقی کے بیٹے افنان صدیقی ایڈووکیٹ کے گھر پر مبینہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
افنان صدیقی ایڈووکیٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رات 1 بجے کے بعد خیابانِ راحت میں گھر کے باہر پیش آیا، گھر میں داخل ہوتے ہی فائرنگ کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ 2 گولیاں گھر کی دیوار پر لگیں، کسی سے دشمنی نہیں ہے، گزری پولیس رات ہی جائے وقوع پر آئی تھی۔
دوسری جانب ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ گولیوں کے خول نہیں ملے ہیں، لگتا ہے کہ فائرنگ افنان صدیقی پر نہیں کی گئی۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا مزید کہنا ہے کہ افنان صدیقی کے گھر کے باہر سی سی ٹی وی کیمرے بھی کام نہیں کر رہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ واقعے کے مقدمے کے اندراج کے لیے افنان صدیقی کو درخواست دینے کا کہا گیا ہے۔
Comments are closed.