پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے سہراب گوٹھ اور حسین ہزارہ گوٹھ سے ڈکیت گروہ کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان میں ڈکیت گینگ کا سرغنہ سکندر علی عرف سکو، محمد رفیق عرف گوشو گوپانگ اور امجد علی دائیو شامل ہیں۔
رینجرز کے ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے لوٹی ہوئی 1 لاکھ روپے کی رقم، 2 عدد آٹو رکشہ اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں واقع پنجاب بس اڈا، الآصف اسکوائر، واٹر پمپ چورنگی، صدر، شارعِ فیصل اور دوسرے علاقوں میں مسافروں کو اپنے رکشوں میں بٹھا کر ان سے نقدی اور قیمتی سامان لوٹ لیتے تھے۔
ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اب تک 45 سے 50 لاکھ روپے تک کی رقم اور مسروقہ سامان مسافروں سے لوٹ چکے ہیں۔
رینجرز حکام نے گرفتار ملزمان کو رکشہ، موٹر سائیکل، نقدی اور مسروقہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
Comments are closed.