ہفتہ یکم جمادی اوّل 1444ھ 26؍نومبر2022ء

کراچی: دہرے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

کراچی کے علاقے پرانا گولیمار پاک کالونی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے دہرے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔

سی ٹی ڈی کے انچارج چوہدری صفدر کا کہنا ہے کہ 19 اکتوبر کو بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری کو مزاحمت پر قتل کیا گیا تھا، 4 ملزمان نے ڈکیتی کے دوران شہری کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔

چوہدری صفدر نے کہا کہ شاہین فورس کی ٹیم نے فائرنگ کی آواز سن کر ملزمان کا تعاقب کیا تھا، فائرنگ کے تبادلے میں ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوا تھا۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز فائیو میں 26 اسٹریٹ پر کار سوار ملزم کی فائرنگ سے شاہین فورس کا اہلکار عبدالرحمٰن شہید ہوگیا۔

انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ واقعے کے مرکزی ملزم زاہد چنہ کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم بینک میں موجود تھا، سی سی ٹی وی میں بھی ملزم کو شناخت کیا گیا تھا، ملزم نے اپنے ساتھیوں کو بتایا تھا کہ شکیل احمد بینک سے رقم لے کر نکلا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملزم زاہد چنہ گروہ کا ماسٹر مائنڈ ہے، واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا، ملزم ماضی میں بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ دہرے قتل میں ملوث اسی گینگ کا ایک ملزم ہلاک اور دوسرا گرفتار ہو چکا، گروہ میں شامل چوتھے ملزم کی گرفتاری کے لیے کوشش جاری ہے، ملزم کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کیا جارہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.