کراچی کے علاقے پرانا گولیمار پاک کالونی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے دہرے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی کے انچارج چوہدری صفدر کا کہنا ہے کہ 19 اکتوبر کو بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری کو مزاحمت پر قتل کیا گیا تھا، 4 ملزمان نے ڈکیتی کے دوران شہری کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔
چوہدری صفدر نے کہا کہ شاہین فورس کی ٹیم نے فائرنگ کی آواز سن کر ملزمان کا تعاقب کیا تھا، فائرنگ کے تبادلے میں ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوا تھا۔
انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ واقعے کے مرکزی ملزم زاہد چنہ کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم بینک میں موجود تھا، سی سی ٹی وی میں بھی ملزم کو شناخت کیا گیا تھا، ملزم نے اپنے ساتھیوں کو بتایا تھا کہ شکیل احمد بینک سے رقم لے کر نکلا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملزم زاہد چنہ گروہ کا ماسٹر مائنڈ ہے، واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا، ملزم ماضی میں بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ دہرے قتل میں ملوث اسی گینگ کا ایک ملزم ہلاک اور دوسرا گرفتار ہو چکا، گروہ میں شامل چوتھے ملزم کی گرفتاری کے لیے کوشش جاری ہے، ملزم کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کیا جارہا ہے۔
Comments are closed.