ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی تیز ہواؤں کے جھکڑ کی لپیٹ میں آگیا ہے جہاں کئی جگہ دیواریں گر گئیں، جن کے ملبے تلے دب کر 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔
شہرِ قائد میں گلبائی پل کے قریب زیرِ تعمیر عمارت کی دیوار گرنے سے اس کے ملبے تلے دب کر مزدور جاں بحق ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق تیز ہوا کے باعث نارتھ ناظم آباد کے بلاک ایل کے قریب واقع ایک گھر کی دیوار بھی گر گئی، جس کے نیچے دب کر ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تیز ہوا سے مواچھ گوٹھ بلدیہ ٹاؤن میں چھت کا کچھ حصہ گر گیا، جس کے ملبے تلے دب کر خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ چلنے والی تیز ہوا کی وجہ سے اورنگی ٹاؤن میں بجلی کا کھمبا گرنے سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔
پاپوش نگر میں واقع سرکاری اسکول کی دیواریں بھی گر گئیں، تاہم وہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیکنڈری اسکول کی عمارت پہلے ہی خستہ حال تھی جس کی کئی بار شکایت کی تھی، مگر محکمۂ تعلیم نے توجہ نہیں دی۔
محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے، جبکہ شہر میں تیز ہوائیں چلنے کا الرٹ بھی جاری کر دیا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق مغربی بلوچستان اور مشرقی ایران میں ہوا کا زیادہ دباؤ موجود ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ اس ہوا کے زیاد دباؤ کے باعث شہرِ قائد میں مغربی سمت سے 45 سے 54 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمۂ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ کبھی کبھی ان ہواؤں کی رفتار 63 کلو میٹر بھی ہو رہی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ کراچی میں رات گئے تک تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
Comments are closed.