بدھ 29؍شعبان المعظم 1444ھ22؍مارچ 2023ء

کراچی ایئرپورٹ پر مطلوب افراد کی نشاندہی کیلئے جاپان کا فراہم کردہ جدید نظام فعال

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مطلوب افراد کی نشاندہی کےلیے جاپان کا فراہم کردہ جدید نظام فعال کر دیا گیا ہے۔

جاپان کی سماجی تنظیم نے ایک سال قبل اس جدید نظام کی تنصیب کی تھی۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کا عملہ مشترکہ طور پر سسٹم کا نظم و نسق دیکھے گا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے عبدالسلام شیخ کے مطابق پہلے مرحلے میں ایف آئی اے کے پاس موجود ڈیٹا شناخت کے جدید سسٹم میں شامل کیا جائے گا۔

اگلے مرحلے میں پولیس سے حاصل کردہ ڈیٹا کا بمعہ تصاویر اندارج سسٹم میں کیا جائے گا۔

عبدالسلام شیخ کے مطابق ابتدائی طور پر مشتبہ اور مطلوب افراد کی جانچ کےلیے آزمائشی طور پر سسٹم کو چلایا جائے گا۔

عبدالسلام شیخ کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کے لاؤنجز میں نصب کیمروں کےلیے مانیٹرنگ روم قائم کیا گیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے، امیگریشن علی مراد نے جیو نیوز کو بتایا کہ جاپان کے تعاون سے نصب کیمروں کی مدد سے ٹرمینل بلڈنگ میں داخل ہر فرد کی نگرانی ہوگی۔ مطلوبہ شخص کی تصاویر مختلف مقامات پر ریکارڈ ہوں گی۔

علی مراد کے مطابق کیمروں کی مدد سے 60 فیصد دھندلی تصاویر بھی قابل شناخت بنائی جا سکیں گی۔ مشتبہ یا مطلوب شخص کی تصویر متعلقہ کیمرہ نمبر کے ساتھ الارم مانیٹرنگ روم میں بجے گا۔

علی مراد کا کہنا ہے کہ سسٹم کے ذریعے مشتبہ اور مطلوب افراد کی گرفتاری اور کارروائی قلیل وقت میں ممکن ہوگی۔

یہ سسٹم ایک سال قبل نصب کیا گیا تھا تاہم اداروں کی چپقلش کی وجہ سے فعال نہیں ہو سکتا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.