محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج سے مون سون ہواؤں میں شدت آنے کا امکان ہے، شام میں بارش کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔
شہرِ قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے کہا ہے کہ آج شام یا رات سے 13 اگست کے دوران کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس دوران شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں متعدل اور کہیں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 28.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
شہر میں شمال مغرب کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 14 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، جن میں نمی کا تناسب 89 فیصد ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، جیکب آباد اور سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
موسلادھار بارش کے باعث کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدر آباد اور دیگر شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
دادو، قمبر شہداد کوٹ اور جامشورو کے اضلاع میں بھی سیلابی ریلے کا خدشہ ہے۔
محکمۂ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ مسلسل شدید بارشوں سے حب، تھڈو ڈیم اور ندی نالوں میں دباؤ پیدا ہو سکتا ہے جبکہ شہرِ قائد کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ سمندر میں 10 سے 13 اگست کے دوران شدید طغیانی ہو سکتی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ اس دوران ماہی گیر سمندر میں جاتے ہوئے احتیاط کریں۔
Comments are closed.