بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی: آج دوپہر 2 بجے شروع ہونیوالی بارش رات تک جاری رہنے کا امکان

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ آج دوپہر 2 بجے بارش شروع ہو سکتی ہے، آج کا یہ اسپیل رات دیر تک جاری رہ سکتا ہے۔

یہ بات چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں بات کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے بتایا ہے کہ آج تیز اورمعتدل بارشوں کا امکان ہے، شہر میں کہیں کہیں تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ کراچی میں آج دوپہر اور شام میں اچھی بارشیں متوقع ہیں، شہر میں کل اور پرسوں بھی بارش کا امکان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مون سون ہواؤں کا رخ سندھ اور بلوچستان کی طرف ہے، عید الاضحیٰ پر بھی کراچی میں بارش کا امکان موجود رہے گا۔

سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم کمزور ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے سندھ میں زیادہ بارشیں نہیں ہوئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات کراچی کے مختلف علاقوں ناگن چورنگی، بفر زون اور اطراف میں ہلکی بارش ہوئی تھی۔

دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آج بلوچستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

بارش کے بعد کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، ریلوں اور آندھی چلنے سے نقصانات کا خطرہ بھی ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ شمالی بلوچستان تک پھیل گیا ہے، کوہ سلیمان، فورٹ منرو، درابند اور دھانہ سر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.