بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی، کورونا کیسز کی شرح 23.79 فیصد تک پہنچ گئی

شہرِ قائد کراچی میں عالمی وباء کورونا وائرس کے کیسز کی شرح میں کمی نہ آ سکی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 23.79 فیصد تک پہنچ گئی۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیئے گئے11 ہزار 65 افراد کے ٹیسٹ میں سے 2 ہزار 632 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے۔

سندھ بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 30 افراد انتقال کر گئے۔

کراچی میں محکمۂ صحت نے ہر ضلع میں کم سے کم ایک ویکسی نیشن سینٹر کو 24 گھنٹے چلانے کا فیصلہ کر لیا۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق حیدرآباد میں 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 11 اعشاریہ 83 فیصد ریکارڈ کی گئی، یہاں 862 افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ کیئے گئے جن میں سے 102 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 26 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 62 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 1 ہزار 495 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 8 اعشاریہ 82 فیصد ہو گئی۔

 ترجمان محکمۂ صحت کا مزید کہنا ہے کہ سندھ کے دیگر اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 15 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ترجمان محکمۂ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے کے دیگر اضلاع میں کیئے گئے 9 ہزار 266 کورونا ٹیسٹ میں سے 107 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

سندھ میں کورونا کیسز کی شرح ایک ہفتے میں 13.26 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ صوبے بھر میں 21 ہزار 578 کورونا ٹیسٹ میں سے 2 ہزار 862 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.