بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی، فزکس پیپر امتحانی وقت کے 4 منٹ بعد آؤٹ

کراچی میں میٹرک کا پہلا پرچہ امتحان شروع ہونے کے چند منٹ بعد ہی آؤٹ ہوگیا، فزکس کا پیپر ساڑھے 9 بجے شروع ہوا اور 9بجکر 34 منٹ پر فوٹوکاپی کی دکانوں پر دستیاب تھا۔

میٹرک کے سالانہ امتحانات کا کراچی میں آج سے آغاز ہوگیا ہے تاہم پہلے روز ہی بدانتظامی کا واقعہ اس وقت رپورٹ ہوا جب فزکس کا پیپر شروع ہوجانے کے 4 منٹ بعد فوٹو کاپی کی دکانوں پر تو پہنچ گیا مگر الآصف گورنمنٹ اسکول ملیر تک نہ پہنچ سکا۔

کراچی میں میٹرک بورڈ کے تحت نویں اور دسویں کے سالانہ امتحانات کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔

اسکول میں 10 بجے تک بھی پیپر شروع نہیں ہوسکا جبکہ اسکول انتظامیہ کا اس صورتحال پر کہنا ہے کہ طلبہ کو اضافی وقت دیا جائے گا۔

دوسری جانب امتحان کے آغاز کے 4 منٹ بعد آؤٹ ہونے والا پرچہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جبکہ کچھ مراکز پر طلباء امتحانی کاپی لئے پیپر شروع ہونے کا انتظار کر رہے ہیں اور وہاں موجود ان کے والدین پریشان ہیں۔

ایسی ہی صورتحال سے دوچار ایک اسکول کے ٹیچر کا کہنا ہے کہ بچوں کو پیپر کرنے کے لیے 2 گھنٹے کا پورا وقت دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چیئرمین میٹرک بورڈکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ میٹرک امتحانات میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سینٹر کے سپرنٹنڈنٹ کو معطل کر دیا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.