کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں شرف آباد کے قریب گزشتہ شام فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والی ریٹائرڈ خاتون پروفیسر بیٹے کی شادی کی تیاریوں میں مصروف تھیں۔
مقتولہ نگہت نسرین کے بیٹے محمد حسان نے جیونیوز سے گفتگو میں بتایا کہ عید کے بعد 25 مئی کو میری شادی تھی، شادی کی تیاریوں کے لیے والد، والدہ شاپنگ کر رہے تھے، والد اور والدہ واقعے سے قبل میرے فون پر اس جگہ رکے تھے۔
محمد حسان نے بتایا کہ گاڑی میں والد، والدہ اور میری دو بہنیں تھیں ، واقعہ کل شام پونے 5 بجے پیش آیا۔
مقتولہ کے بیٹے نے بتایا کہ لیاقت آباد کے علاقے شرف آباد کے قریب والد نے گاڑی روکی تھی، ایک ملزم آیا اور گاڑی کا شیشہ نیچے کرنے کا اشارہ کیا، والد ملزم کو دیکھ کر گھبرائے تو اس نے فائر کردیا۔
محمد حسان نے بتایا کہ والد کے ہاتھ سے گولی آر پار ہو کر والدہ کے پاؤں پر لگی، اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ خون بہہ جانے کی وجہ سے والدہ کا انتقال ہوا ہے۔
مقتولہ کی نماز جنازہ کل بعد نماز جمعہ ادا کی جائے گی۔
Comments are closed.