بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کثیر الملکی بحری مشق امن۔2021 انٹر نیشنل فلیٹ ریویو کے شاندار انعقاد کے ساتھ اختتام پذیر

پاک بحریہ کی کثیرالملکی میری ٹائم مشق امن 2021 کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اختتامی تقریب شمالی بحیرہ عرب میں منعقد کی گئی۔ 

تقریب کے مہمان خصوصی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی  تھے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور، دفاعی پیداوار اور وزیراعلیٰ سندھ بھی تقریب میں شریک تھے۔

 مشق امن 21 کی اختتامی تقریب میں چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے بھی شرکت کی۔ 

ترجمان پاک بحریہ نے مزید بتایا کہ بحیرہ عرب میں موجود پاک بحریہ کے جہاز پر آمد پر امیر البحر نے صدر پاکستان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت کو امن مشقوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

صدر پاکستان نے کثیرالملکی بحری مشق کے کامیاب انعقاد اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے سلسلے میں پاکستان کے عزم کے اعادہ پر پاکستان نیوی کو مبارک باد پیش کی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مشق میں شریک علاقائی اور عالمی بحری افواج کا شکر یہ ادا کیا جنہوں نے عالمی وبا کووِڈ- 19 کے باوجود مشق میں شرکت سے مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی کے ضمن میں اپنے عزم کابھرپور اظہار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشق امن-2021 تمام شراکت داروں کی مشترکہ کاوشوں سے خطہ کو پرامن بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے انٹرنیشنل فلیٹ ریویو میں شرکت پر صدر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کو مضبوط بنانے میں انفرادی طور پر اور اتحادی بحری افواج کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

مشق میں شریک ممالک کے بحری اور ہوائی جہازوں نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔ ساتویں کثیر الملکی میری ٹائم مشق امن چھ روز تک جاری رہی جس میں تقریباً 45 ممالک شریک تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.