پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے علی اسد کے خلاف فوری اور سخت ایکشن لیتے ہوئے انہیں معطل کر کے ریسلنگ کی ہر قسم کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روک دیا۔
پہلی بار پاکستانی ٹیم کاحصہ بننے والے علی اسد پاکستان ریسلنگ کی تاریخ میں واحد ریسلر ہیں، جن کا ڈوپ ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔
چیئرمین ریسلنگ فیڈریشن سید عاقل شاہ نے علی اسد کا بی سیمپل ٹیسٹ بھی پازیٹو آنے پر ہنگامی طور پر زوم میٹنگ بلا کر انہیں معطل کرنے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
سید عاقل شاہ کے مطابق علی اسد کی پازیٹو رپورٹس سے ملک کی بدنامی کے ساتھ ریسلنگ فیملی کو بھی بہت افسوس ہوا ہے، ایسی چیزوں کو بالکل برداشت نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا ہے کہ علی اسد کامن ویلتھ گیمز آرگنائزر کمیٹی اور واڈا کی طرف سے فیصلے تک ریسلنگ کے کسی مقابلے اور سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گے۔
سید عاقل شاہ کا کہنا ہے کہ علی اسد کی ٹرائلز میں کامیابی کے بعد کامن ویلتھ گیمز کے لیے سلیکشن ہوئی اور پہلی بار انہوں نے کسی انٹرنیشنل مقابلے کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کر کے کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
Comments are closed.