بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ڈسکہ سے PTI میدان مار چکی ہے: فردوس عاشق اعوان

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ این اے 75 میں ڈسکہ سے پاکستان تحریکِ انصاف میدان مار چکی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی 7 ہزار 827 ووٹوں کی برتری حاصل کر کے میدان مار چکی ہے۔

انہوں نے مسلم لیگ نون کے رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال، جاوید لطیف، کنیز جونیئر اور عطاء تارڑ نے آر او کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ آر او کو این اے 75 کے ضمنی انتخاب کے نتائج کا اعلان کرنے سے روکا جا رہا ہے۔

پنجاب کے شہر سیالکوٹ کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخاب کے نتائج ریٹرنگ آفیسر نے روک دیئے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن سے متعلق تحفظات کو دور کیا جائے، قانونی طور پر نتیجہ حاصل کرنا اور جیت کااعلان کرنا پی ٹی آئی کی ذمے داری ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نتیجے کا اعلان کر کے ہمیں اور عوام کو کرب سے نکالے، چوری کے بعد نون لیگ والے سینہ زوری کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ حلقے کے لوگوں نے نون لیگ سے بدلہ لے لیا ہے، امید کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن این اے 75 کے نتائج کا اعلان کرے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ حلقے میں پی ٹی آئی جیت رہی ہے، ریٹرننگ افسر سے متعلق پی ٹی آئی کے تحفظات تھے، الیکشن کمیشن آر او کو نتیجے کا اعلان کرنے کا حکم دے۔

واضح رہے کہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخاب کے نتائج ریٹرنگ آفیسر نے روک دیئے ہیں۔

ریٹرنگ آفیسر کے مطابق حتمی نتیجے کا اعلان الیکشن کمیشن آف پاکستان کرے گا۔

اس سے قبل اس حلقے کے کل 360 میں سے 337 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ نون کی سیدہ نوشین افتخار 97 ہزار 588 ووٹ لے کر آگے تھیں۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار علی اسجد ملہی 94 ہزار 541 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.