جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ناصرف پاکستان بلکہ عالمِ اسلام کے بھی ہیرو تھے۔
یہ بات جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے ’جیو نیوز‘ سے محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال کے حوالے سے تعزیتی گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان صرف سائنسدان نہیں بلکہ عالمِ دین اور ادیب بھی تھے۔
سراج الحق کا مزید کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے لاکھوں نوجوانوں کو تعلیم دلوائی۔
امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنی ساری زندگی پاکستان کے لیے وقف کر دی تھی۔
واضح رہے کہ محسنِ پاکستان، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان آج صبح رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ طبیعت بہت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو صبح 6 بجے کے آر ایل اسپتال لایا گیا تھا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا انتقال صبح 7 بج کر 4 منٹ پر ہوا، ان کی کچھ عرصے سے طبیعت ناساز تھی۔
اسپتال ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ عرصے قبل کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان 1936ء میں بھوپال میں پیدا ہوئے، وہ اہلِ خانہ کے ہمراہ 1947ء میں ہجرت کر کے پاکستان آئے۔
ڈاکٹر عبدالقدیر نے انجینئرنگ کی ڈگری 1967ء میں نیدر لینڈز کی ایک یونی ورسٹی سے حاصل کی، انہوں نے بیلجیئم کی ایک یونی ورسٹی سے میٹلرجیکل انجینئرنگ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری لی۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے بعد میں ایمسٹرڈیم میں فزیکل ڈائنا مکس ریسرچ لیبارٹری جوائن کی۔
مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پسماندگان میں بیوہ اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
Comments are closed.