انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کو ملنے کے بعد بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر کا اہم بیان سامنے آگیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی جانب سے 2031 تک کے عالمی مقابلوں کے میزبان ممالک کے اعلان کے بعد سے ہی بھارت اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہوگیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت یہ فیصلہ کرنے سے پہلے پڑوسی ملک (پاکستان) میں ’سیکیورٹی‘ کی صورتحال پر نظر رکھے گی کہ آیا بھارتی کرکٹ ٹیم عالمی ایونٹ کے لیے سفر کرے گی یا نہیں۔
انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ’جب اس طرح کے عالمی ٹورنامنٹ ہوتے ہیں تو کئی عوامل پر غور کیا جاتا ہے، ماضی میں بھی آپ نے دیکھا ہوگا کہ بہت سے ممالک نے پاکستان جانے سے انکار کیا ہے۔‘
بھارتی وزیر کھیل نے مزید کہا کہ ’پاکستان میں سیکیورٹی ایک اہم چیلنج ہے جس پر غور کرنا لازمی ہے لہذا جب وقت آئے گا، حکومت حالات کے مطابق فیصلہ کرے گی۔‘
واضح رہے کہ آئی سی سی کے اعلان کے بعد چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی۔
پاکستان نے گزشتہ چند سالوں کے دوران پی ایس ایل کے ساتھ ساتھ غیر ملکی ٹیموں سے ہوم سیریز کھیل کر یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان اب بین الاقوامی کرکٹ کے لیے محفوظ ملک ہے۔
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم اپنے ہی میدانوں پر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ٹائٹل کا دفاع کرے گا جو اس نے 2017 میں اوول کے میدان میں بھارت کو 180 رنز کی عبرتناک شکست دے کر جیتا تھا۔
Comments are closed.