بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

چھٹا ٹی 20: بابر اعظم کے ناقابل شکست 87، انگلینڈ کو 170 رنز کا ہدف

انگلش اوپنر نے 170 رنز کے ہدف کے تعاقب 10 اوورز میں 2 وکٹ پر 129 رنز بنالیے ہیں، انہیں جیت کےلیے 60 گیندوں پر 41 رنز درکار ہیں۔

انگلش اوپنر فل سالٹ 65 کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ ایلکس ہیلز 27 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، انہیں شاداب خان نے میدان بدر کیا۔

دوسرے اینڈ پر ڈیوڈ ملان ہیں، جنہوں نے 13 گیندوں پر 24 رنز بنائے ہیں۔

پاکستان نے چھٹے ٹی 20 میچ میں کپتان بابر اعظم کے ناقابل 87 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 169 رنز بنائے اور انگلش ٹیم کے لیے 170 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ نے گزشتہ میچ کی طرح ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ساتویں وکٹ پر بابر اعظم اور محمد نواز نے انگلش ٹیم کی مضبوط بولنگ لائن کے خلاف 18 گیندوں پر ناقابل شکست 33 رنز بٹورے۔

بابراعظم نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی ناقابل شکست باری کھیلی، انہوں نے اس دوران 59 گیندوں کا سامنا کیا۔

محمد نواز نے 7 گیندوں پر 12 رنز بنائے، انہوں نے اس دوران ایک چھکا بھی لگایا۔

اس سے قبل محمد رضوان کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے محمد حارث نے اپنے ڈیبیو میچ میں کپتان بابر اعظم کے ہمراہ اوپننگ کی، وہ 14 کے مجموعی اسکور پر ایک چھکے کی مدد سے 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

گرین شرٹس کی دوسری وکٹ 15 کے اسکور پر شان مسعود کی گری، جو بغیر کوئی رنز بنائے ایل بی ڈبلیو ہوئے، اوپر تلے دو وکٹیں گرنے کے بعد حیدر علی کپتان بابر اعظم کا ساتھ دینے کے لیے آئے۔

دونوں نے تیسری وکٹ پر 47 رنز کی شراکت قائم کی، 62 کے مجموعے پر حیدر علی بھی کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے، انہوں نے18 رنز کی باری کے دوران 14 گیندوں کا سامنا کیا۔

چوتھی وکٹ پر کپتان بابر اعظم نے افتخار احمد کے ساتھ اسکور کو تیزی سے آگے بڑھانے کی کوشش کی، افتخار احمد 14 اعشاریہ 3 اوورز میں 21 گیندوں پر 31 رنز کی باری کھیل کر میدان چھوڑ گئے۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 35 گیندوں پر 48 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

سات میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 2-3 کی برتری حاصل ہے۔

چھٹے میچ کے لیے پاکستان نے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، محمد رضوان اور حارث رؤف کو آرام دیا گیا ہے، شاہنواز دھانی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ وکٹ کیپر محمد حارث آج اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل رہے ہیں۔

قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں، نائب کپتان شاداب خان، محمد حارث، شان مسعود، افتخار احمد، آصف علی، حیدر علی، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہنواز دھانی اور عامر جمال پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔

انگلش ٹیم کے کپتان معین علی کا کہنا ہے کہ وکٹ کو دیکھ کر بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹیم پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ 160 سے 170 رنز تک کا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.