بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

چوہدری مسعود کو ایک پیسہ بھی دیا ہو تو مجھ پر عذاب آجائے، عطااللّٰہ تارڑ

وزیر داخلہ پنجاب عطااللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ چوہدری مسعود کو ایک پیسہ بھی دیا ہو تو اللّٰہ مجھ پر عذاب نازل فرمائے، ہر روز لیڈر تبدیل کرنا اور اسے والد کہنا مناسب نہیں ہے۔

فواد چوہدری کی پریس کانفرنس کا جواب دیتے ہوئے عطا تارڑ نے 3 اپریل 2022 کا چوہدری مسعود کا استعفیٰ دکھا دیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے ایم پی ایز کو35، 35 کروڑ روپے کی پیش کش کی جا رہی ہے، تین ایم پی ایز نے پارٹی کو آگاہ کیا کہ پیسوں کی آفر ہوئی ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایم پی اے چوہدری مسعود 3 اپریل کو مستعفی ہوچکے اور قرآن پر حلف دینے کو تیار ہوں کہ ہم نے  چوہدری مسعود کو کوئی پیسہ نہیں دیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ فواد چوہدری ابن الوقت آدمی ہے، آپ کو 188 ووٹ چاہئیں جو آپ کے پاس موجود ہیں، پی ٹی آئی کے ایک رکن کے استعفے کے بعد 187 رہ گئے ہیں، مسلم لیگ ن اور اتحادی 180 پر کھڑے ہیں، سات ووٹوں کا فرق ہے۔

تحریک انصاف کے ایم پی اے مسعود مجید کے گھر کے دروازے بند ہیں، چوہدری مسعود مجید پی پی 257 لیاقت پور سے پی ٹی آئی کے ایم پی اے منتخب ہوئے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ شرقپوری اور فیصل نیازی نے استعفیٰ نہیں دیا ہوتا تو پانچ ووٹوں کا فرق ہوتا، آپ کا ایک استعفیٰ آیا ہے ہوسکتا ہے مزید استعفے آجائیں، آپ کی پارلیمانی پارٹی میں آج صرف 100 افراد موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ شرقپوری سے آج بھی رابطہ ہے واپس آئیں گے تو ضرور پارٹی میں لیں گے، جلیل شرقپوری اور فیصل نیازی نے استعفیٰ دیا، ہم نے تو نہیں کہا کہ ان کو پیسے دیے گئے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آصف زرداری کرپشن سے لوٹی رقم سے لوگوں کو خرید رہے ہیں، آصف زرداری کو جیل میں ہونا چاہیے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ فیصل آباد سے ہمارے ایک بزرگ ایم پی اے کے گھر پیسے دے کر لوگوں کو بھجوایا گیا، ہمارے ایم پی اے الیاس چنیوٹی حج کے لیے سعودی عرب میں موجود تھے، پرویز الہٰی اور ان کے بیٹے نے ایک شخص کے ذریعے الیاس چنیوٹی کو 10 کروڑ روپے رشوت دے کر بھیجا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ  میں آپ کی طرح پارٹیاں بدلنے والا نہیں، آپ کی طرح فرشی سلام کرنے نہیں آتے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آپ اگر قرآن پر حلف دے دیں کہ ہم نے چوہدری مسعود کو پیسے دیے ہیں تو میں اپنی بات سے پیچھے ہٹ کر سیاست چھوڑ دوں گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.