الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ PP-84 خوشاب میں 5 مئی کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے کورونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے ایس او پیز جاری کر دیئے۔
الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ریٹرننگ آفیسر، پولنگ اسٹاف اور امیدواران کے لئے خاص ہدایات جاری کی ہیں۔
جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریٹرننگ آفیسرکے دفاتر میں فیس ماسک کی پابندی، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کو یقینی بنانے اور ہجوم اکٹھا کرنے سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
پولنگ عملے کیلئے فیس ماسک اور ہینڈ سینی ٹائیزر مہیا کیے جائیں گے، الیکشن میٹریل کی وصولی اور ترسیل کے دوران پولنگ اسٹاف دستانوں اور ہینڈ سینی ٹائیزر کا لازمی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کی کورونا ایس او پیز کے مطابق امیدواران، سیاسی جماعتوں اور تمام پولنگ ایجنٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ انتخابی مہم کے دوران سختی سے احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہیں، پولنگ ڈے پر ووٹر ماسک کے بغیر پولنگ اسٹیشن میں داخل نہ ہوسکیں گے۔
پولنگ اسٹاف کو یہ ہدایات دی گئیں ہیں کہ پولنگ ڈے پر بزرگ افراد و دیگر ووٹرز جنہیں زیادہ خطرہ لاحق ہو سکتا ہے ان کی الگ قطار بنائی جائے۔
علاوہ ازیں رزلٹ کی تیاری اور اعلان کے وقت بھی کورونا ایس او پیز پر عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔
Comments are closed.