مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں پیپلز پارٹی کی واپسی کا چانس اُس کے اپنے پاس ہے، کل بھی مولانا نے کہا کہ پی پی اپنا راستہ درست کرے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت کے موقع پر احاطۂ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس حکومت کا ہر لمحہ بھاری ہے، ہر شخص مہنگائی سے پریشان ہے، چینی آج بھی 115 روپے کلو میں مل رہی ہے ۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کل عمران خان نے فرمایا ملک ترقی کر رہا ہے، ملک میں احتساب کا نظام آگے بڑھ رہا ہے جبکہ ملک میں کرپشن سے چھوٹی سے چھوٹی نوکری بھی محفوظ نہیں ہے، آج ہر شخص مہنگائی سے پریشان ہے، بے روزگاری بڑھ رہی ہے معیشت تباہ ہے، حکومتی آمدن وہیں اور اخراجات بڑھ گئے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ پنجاب میں تاریخ کی بدترین حکومت ہے ہر شعبہ تباہ کر دیا ہے،چینی آج بھی 115روپے کلو میں مل رہی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بھارت 8 فیصد آبادی کو ویکسین لگا چکا ہے ہم ایک فیصد کو بھی نہیں لگا سکے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر روز مختلف بیانات آتے ہیں،ایک مسئلہ تھا جس پر پورا ملک متفق تھا، دو رائے نہیں ہوتی تھی،اب یہ مسئلہ سب سے متنازع بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کیسے بہتر ہوگی اس کا جواب حکومت کے پاس نہیں، تقریر وہ روز کرتے ہیں بس اتنا بتادیں کس شعبے نے ترقی کی ہے،ملک میں روز تو وزیر بدل جاتے ہیں ۔
Comments are closed.