اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ 1 ماہ میں کرنے کا سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل بینچ نے فیصلہ جاری کر دیا۔
عدالتِ عالیہ نے پی ٹی آئی کی انٹرا کورٹ اپیل جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کی ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات ایک ساتھ کرنے کی پی ٹی آئی کی درخواست نمٹا دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ عدالت امید کرتی ہے کہ الیکشن کمیشن باقی جماعتوں کے خلاف کارروائی بھی مناسب وقت پر مکمل کرے گا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت امید کرتی ہے کہ کارروائی شفاف انداز میں آگے بڑھائی جائے گی، الیکشن کمیشن نے ابھی تک کوئی آرڈر پاس نہیں کیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سب سیاسی جماعتوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
پی ٹی آئی کی انٹرا کورٹ اپیل پر 14 جون کو فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔
Comments are closed.