پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اب بھی سڑکوں پر ملک کو جلانے کے لیے تیار ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران شیری رحمٰن نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے تو اس مشکل بجٹ کے ساتھ ہمیں کون باندھ گیا ہے، جنہوں نے کشکول توڑنے کی بات کی انہوں نے کیا کیا؟ یہ سب کچھ ان کی انا اور انتقامی سیاست کی وجہ سے ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اپنی انا سے ہٹ جائے تو پھر مشکل فیصلے ہوسکتے ہیں، اگر مشکل فیصلے نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہونے کی طرف چلا جاتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف ناراض ہے کہ معاہدے کے مطابق مشکل فیصلے نہیں کیے جارہے، ہم نے ایک ماہ دن رات سر جوڑے لیکن فیٹف کا کریڈٹ اپنے سر نہیں لیا، سازش تو گزشتہ حکومت نے پاکستان کے خلاف کی، یہ خون خرابہ والا لانگ مارچ چاہتے تھےلیکن عوام نے ان کو مسترد کردیا۔
شیری رحمٰن نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ نفرت اور تفریق کی سیاست کی، ملک میں ماحولیات اور پانی بھی نیشنل سیکیورٹی کا مسئلہ بن رہا ہے، پاکستان پانی ضائع کرنے میں دنیا کے ٹاپ فور ممالک میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کو خارجی، اقتصادی اور معاشی بحران میں چھوڑ کر گئی ہے، ہم پاکستان کو اس بحران سے نکالیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی معیشت کو سیاست کی بھینٹ چڑھانا چاہتے تھے، تباہی اور احتساب سرکار 100 دن میں انقلاب لانے آئی تھی۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ ان کی تقسیم اور انا کی سیاست سے مسئلہ ہوا، جو بوجھ پڑا سب کو نظر آرہا ہے، اس کی وجہ سے مشکل فیصلے کرنے پڑے۔
شیری رحمٰن نے مزید کہا کہ ڈپٹی اسپیکر نے مجھے چوہدری بنا دیا اب چوہدراہٹ دکھانی پڑے گی، اپوزیشن کی عزت کرتے ہیں، عوامی مشکلات کی بھی وضاحت ہونی چاہیے، ایوان کے اندر حکومت کی جواب دہی ہونی چاہیے، ملک میں مہینوں سے معاشی بحران چل رہا ہے، چار سال تک راج کرنے والوں نے ملک کو دیوالیہ کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ تباہی اور تبدیلی سرکار اس مشکل بجٹ کی ذمہ دار ہے، بہت ممالک خساروں کے بجٹ پر چلتے ہیں، روپیہ کی بے قدری اور آئی ایم ایف سے معاہدہ ہمارے لیے بھی مشکل قدم تھا۔
شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کو وینٹیلیٹر پر چھوڑ گئی، عمران نیازی ملک کو دلدل میں پھنسا کر گیا ہے اس میں کوئی شک نہیں، پی ٹی آئی قوم کو 41 ارب قرضوں کا تحفہ دے کر گئی ہے، آئی ایم ایف کے پیسوں پر شاہ خرچیاں کیں اور امپورٹڈ ہمیں کہہ رہے ہیں، عوام آلو ٹماٹر پیاز کی قیمتوں میں اضافے کا سوال کر رہے ہیں، ملک کو وینٹیلیٹر سے ہٹانے کیلئے مشکل فیصلے کیے جارہے ہیں۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ 70 سال میں 23 آئی ایم ایف پروگرام ہوئے لیکن عوام پر کبھی بوجھ نہیں پڑا، قوم سوال کرتی ہے آپ نے ان کی تباہی کو کیوں اپنے گلے ڈالا، ہم نے ملک کو بچانے کیلئے مشکل فیصلے کیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ابھی متحدہ حکومت کو مزید مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے، اس صورتحال کی وجہ سے ہماری راتوں کی نیند اُڑ گئی ہے، غریب سے زیادہ ہماری اشرافیہ کو قربانی دینا ہوگی، پیپلز پارٹی ہمیشہ ملک کو بچانے والی قوتوں کا حصہ ہوتی ہے۔
شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ شیخ رشید نے بیان دیا کہ چار ماہ سے پتا تھا ہماری حکومت جارہی کے۔
اُن کا کہنا تھا کہ احتساب سرکار کے دور میں ملک میں کرپشن میں اضافہ ہوا، دس ارب سونامی ٹری منصوبے میں سندھ سب سے آگے رہا، گزشتہ حکومت میں گندم، چینی، تیل، ایل این جی کو بچوں کا کھیل بنایا ہوا تھا، ان کے جرائم ہم نے اپنے سر لیے، یہ حکومت مشکل فیصلے ضرور کرے گی۔
Comments are closed.