پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر ردّ عمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا فیصلہ آپ نے کر لیا اب دیگر جماعتوں کا فیصلہ بھی جلد کر لیں۔
الیکشن کمیشن کے باہر فرخ حبیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی، ن لیگ جے یو آئی نے اوورسیز پاکستانیوں کو اپنا دشمن کیوں سمجھ لیا ہے، تحریک انصاف کے لیے یہ فنڈنگ اوورسیز پاکستانیوں کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شروع دن سے ہمارا مؤقف ہے کہ فارن فنڈنگ نہیں، اب اگلا مرحلہ شروع ہوگا جس میں ہم بتائیں گے کہ 16 اکاؤنٹس بھی قانونی ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کسی جماعت کو یہ حق نہیں کہ اپنی فنڈنگ عوام سے چھپائے، آج الیکشن کمیشن نے بھی کہا کہ فارن فنڈنگ نہیں ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جماعت کو خطرہ صرف ایک ہوتا ہے کہ عوام میں مقبولیت کھو دیں۔
اس موقع پر فرخ حبیب نے کہا کہ پچھلے کئی سالوں سے یہ بات سنتے آرہے کہ پی آٹی آئی کی فارن فنڈنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مؤقف تھا یہ فارن فنڈنگ کا کیس نہیں ممنوعہ فنڈنگ کا کیس ہے، اس کیس میں کسی قسم کی فارن فنڈنگ نہیں نکلی۔
فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ جو لوگ فارن فنڈنگ کے بیانیے کو آگے بڑھاتے رہے ان کو مایوسی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈز لیے ہیں۔
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کی کارروائی شروع ہوئی تو ایک وکیل نے آ کر تلاوت کی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آج 8 سال بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سنایا۔
Comments are closed.