صوبائی وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما 2 افراد کےجاں بحق ہونےکی جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔
اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی پروپیگنڈے کی ماسٹر ہے، واضح کردوں تصادم کی وجہ سےکوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ مجھےکسی بھی پلیٹ فارم پرچیلنج کریں یا آپ کو معافی مانگنی ہوگی۔
واضح رہے کہ کراچی میں نمائش چورنگی پر مظاہروں میں شام کو شدت آگئی جس کے نتیجے میں مشتعل افراد نے ایک پولیس موبائل کو نذرآتش کردیا جبکہ پتھراؤ سے ایس پی سمیت کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
پولیس اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی تاہم مظاہرین کی تعداد مزید بڑھتی گئی، شارع قائدین پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ کے دوران پولیس اہلکار موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
اس سے قبل نمائش چورنگی پر تحریک انصاف کارکنان نے جمع ہونے کی کوشش کی، پولیس نے کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا جبکہ پی ٹی آئی کارکنان کے پتھراؤ سے 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پی ٹی آئی کارکنان نے نورانی سگنل اورخداداد سگنل اوراطراف کی تمام دکانیں بند کروادیں، رہنما تحریک انصاف خرم شیر زمان خداداد کالونی سگنل پہنچے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ پولیس مظاہرین کو ڈنڈے مار رہی ہے، شیلنگ، ہوائی فائرنگ کررہی ہے، پولیس نے عورتوں کو بھی ڈنڈے مارے، ہم پر امن بیٹھے تھے۔
نمائش چورنگی پر کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے ہوائی فائرنگ بھی کی، نورانی سگنل پر حالات کا جائزہ لینے ڈی آئی جی ایسٹ پہنچ گئے۔
مظاہرہن کے پتھراؤ سے 2 پولیس موبائلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، مشتعل افراد نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کرتے ہوئے پولیس موبائل پر توڑ پھوڑ بھی کی۔
Comments are closed.