وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پی ٹی آئی کو دہشت گرد گروہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیار محبت والے سلوک کے مستحق نہیں ہیں۔
مریم نواز نے ستھرا پنجاب کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے سیاسی گند کو صاف کردینا چاہیے، ان کو کھل کر کھیلنے کی اجازت مل جائے تو یہ ملک کو آگ لگا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صفائی کا مربوط نظام آج سب کے سامنے ہے، وزیرِ بلدیات پنجاب محنت سے کام کر رہے ہیں مجھ سے بھی ایک قدم آگے ہیں، 2018ء میں جب شہباز شریف پنجاب کو چھوڑ کر گئے تو یہاں مؤثر نظام تھا۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ جب میں وزیرِ اعلیٰ بنی تو شہباز شریف کا ترقی کرتا پنجاب نہیں ملا، جو شہباز شریف بنا کر گئے تھے وہ تمام کی تمام سڑکیں ٹوٹی ہوئی تھیں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسپتالوں اور اسکولوں کا براحال تھا، میٹرو بس کا ٹریک بری طرح ٹوٹا ہوا تھا، میٹرو کی رائیڈ لینے گئی تو لگتا تھا ٹین کا ڈبہ چل رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اب دوبارہ سے پنجاب کا نظام کام کرنے لگا ہے، ہم اپنی گلی، محلوں اور سڑکوں کو صاف کریں گے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت نظام تشکیل دیا ہے، شہروں اور دیہات میں صفائی کا یکساں نظام لے کر آ رہے ہیں۔
Comments are closed.