پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کرنے کے بعد پیٹرول قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام کے ساتھ کھلے عام دشمنی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے ہیں، ان کو دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔
اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ایسے حالات میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے بھی ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی کی وجہ سے نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے معیشت تباہ کر دی جس کی وجہ سے روپے کی ڈالر کے مقابلے میں قدر انتہائی کم ہو گئی۔
حماد اظہر کا کہنا ہے کہ تیل سمیت تمام امپورٹڈ اشیاء اب بہت زیادہ مہنگی ہو جائیں گی، یہ سب رجیم چینج کی بدولت ہوا۔
ایڈیشنل سیکریٹری اطلاعات تحریک انصاف حسان خاور کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ تحفوں کی پہلی قسط ہے، ابھی مزید اقساط آنا باقی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی بجلی اور گیس کی قیمت میں اضافے کا تحفہ بھی ملنا ہے، 300 ارب کے نئے ٹیکسز بھی لگنے ہیں۔
لاہور میں زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد نے کہا کہ کل بی بی انگلینڈ سے تشریف لے کر آئیں، انہوں نے فرمایا آپ ڈار صاحب پر اعتماد کریں وہ حالات بہتر کر دیں گے۔
یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ آج ڈیزل اور پیٹرول 35، 35 روپے مہنگا ہو گیا، پیٹرول، ڈیزل مہنگا ہونے کا اثر ہر چیز پر پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوشش کر رہے ہیں عمران خان کا بدلہ عوام سے لیا جائے، ابھی اگلی قسط اس کی آرہی ہے جو اس سے زیادہ بھیانک ہو گی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ دوائیوں کی ایل سیز نہیں کھل رہیں، جان بچانے والی ادویات اب دستیاب نہیں، ڈار صاحب نے جو معجزے کرنے تھے وہ آپ کے سامنے آ گئے۔
واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18، 18 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 262 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 189 روپے 83 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 187 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
Comments are closed.