جانور اپنی خوراک کی ضروریات کو دوسرے جانوروں کو کھا کر ہی پورا کرتے ہیں اور اسی طرح یہ نظام بھی چل رہا ہے، لیکن کبھی کبھی بڑے جانور اپنی خوراک حاصل نہیں کر پاتے کیوں کہ ان کی پہنچ سے ان کا شکار نکل جاتا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں اسی طرح کا منظر دیکھنے میں آیا جب برف پوش برِاعظم انٹارکٹکا میں ایک پینگوئن اپنی جان بچانے کے در پر تھی۔
یہ ویڈیو آبنائے گرلاک کی بتائی جاتی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متعدد کلر وہیلز المعروف اورکاس اس کے پیچھے پڑگئیں، جو ممکنہ طور پر اسے اپنا لقمہ بنانے کی خواہشمند تھیں۔
پینگوئن اپنی جان بچانے کے لیے سرد پانی میں کبھی یہاں تو کبھی وہاں تیرتی رہی، اسی دوران اس نے قریب موجود سیاحوں کی کشتی کے قریب آنے کی بھی کوشش کی لیکن ناکام رہی۔
ویڈیو میں مزید دیکھا جاسکتا ہے کہ پینگوئن نے ایک مرتبہ پھر سیاحوں کی کشتی کی طرف بڑھنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہی۔
دریں اثناء موت کو قریب پاتے ہی اس نے ایک لمحے کی بھی دیر نہ کرتے ہوئے دوبارہ چھلانگ لگائی اور اس مرتبہ سیاح نے اسے تھام لیا اور اوپر کشتی میں کھینچ لیا۔
اس پورے منظر کو دوسری کشتیوں میں بیٹھے سیاح بھی دیکھ رہے تھے اور جیسے ہی پینگوئن بحفاظت کشتی میں پہنچی تو ان سیاحوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔
Comments are closed.