پیرس میں شوکت خانم اسپتال کے ڈائریکٹر مشتاق احمد جدون کی طرف سے شوکت خانم فنڈ ریزنگ افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پی ٹی آئی فرانس کے اراکین سمیت پیرس کی سیاسی و کاروباری شخصیات اور صحافیوں نے شرکت کی۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض پی ٹی آئی کشمیر چیپٹر کے سینئر رہنما زاہد ہاشمی نے انجام دیے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت سے ہوا اور اسپتال کے ڈائریکٹر مشتاق احمد جدون نے فنڈ ریزنگ کے حوالے سے شرکاء تقریب کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آج فرانس میں شوکت خانم کو رجسٹر ہوئے تین سال ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے سال 2019 میں تقریباً 32 ہزار یورو اکٹھے ہوئے تھے، پھر کوویڈ 19 کی وجہ سے کوئی پروگرام نہیں ہوسکا، لیکن اس کے باوجود بھی لوگ آن لائن فنڈز دیتے رہے اور اس وقت شوکت خانم فنڈ فرانس میں 72 ہزار یورو موجود ہیں جو فرانس میں پہلی دفعہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوکت خانم اسپتال پاکستان میں 75 فیصد مریضوں کا علاج بالکل مفت ہو رہا ہے۔ لاہور اور پشاور کے بعد 2023 میں کراچی میں بھی اسپتال مکمل ہونے کے مراحل میں ہے جو صرف آپ کے عطیات اور زکوٰۃ سے ممکن ہو رہا ہے۔
مشتاق احمد جدون کا کہنا تھا کہ میری آپ سب سے اپیل ہے کہ اس نیک کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، میں تمام احباب کا بہت شکر گزار ہوں۔
تقریب کے شرکاء نے مشتاق خان جدون کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں فرانس میں شوکت خانم میموریل رجسٹرڈ کر کے ان کو کارِ خیر میں حصہ ڈالنے کا موقع فراہم کیا، بعدازاں شرکاء کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔
Comments are closed.