سابق فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پہلے آن لائن شاپنگ ہوتی تھی اب کوچنگ ہو گی۔
عاقب جاوید نے مکی آرتھر کی متوقع ہیڈ کوچ تقرری اور آن لائن کوچنگ کے آئیڈیا کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے سابق فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ مجھے اس آئیڈیا کی سمجھ نہیں آئی، لیکن چلیں یہ نسخہ بھی آزما کر دیکھ لیں، میں نے آج تک آن لائن کوچ کا سنا نہیں، یہ ایسے چلے گا نہیں، کیونکہ یہاں فل ٹائم کوچ سے کچھ نہیں ہوتا، آن لائن کیسے کامیاب ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ موجودہ بورڈ ماضی جیسی ایک ٹیم کو اکٹھا کرنا چاہتا ہے، لیکن میرا سوال ہے کہ کیا دنیا میں اور لوگ نہیں ہیں، کیا نام کا کوچنگ سے کوئی تعلق ہے؟
عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر اتنے اہم ہوتے تو کسی اور نیشنل ٹیم کے ساتھ بھی اس وقت کوچ ہوتے، وہ ڈربی شائر جیسی کاؤنٹی میں ڈائریکٹر کرکٹ ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ لگتا ہے یہ ایک جذباتی فیصلہ ہے، جو مجھے پسند نہیں آیا۔
Comments are closed.