بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پہلا ون ڈے: پاکستان ناتجربہ کار انگلینڈ کے سامنے 141 پر ڈھیر

سیریز کے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں قومی ٹیم انگلینڈ کی ناتجربہ کار ٹیم کے آگے صرف 141 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 50 اوورز میں صرف 142 رنز کا آسان ہدف دے دیا۔ 

کارڈف کے صوفیہ گارڈن میں کھیلے جارہے اس میچ میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا، ٹاس کے موقع پر بین اسٹوکس کا کہنا تھا کہ وہ بولنگ ٹیم ہیں۔

پاکستان ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا جہاں پہلی ہی گیند پر امام الحق اور پھر اسی اوور میں بابر اعظم بھی بغیر کوئی رن بنائے ثاقب محمود کا شکار بنے۔ 

قومی ٹیم کو تیسرا نقصان محمد رضوان کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ 17 کے مجموعے پر گریگوری کی گیند پر کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

ٹیم کا اسکور 26 رنز پر پہنچا تو سعود شکیل بھی پویلین کی جانب چلتے بنے، تاہم ایسے میں پانچ سال بعد ٹیم میں آنے والے صہیب مقصود نے فخر زمان کے ساتھ دباؤ میں بہترین پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو بحران سے نکالنے کی کوشش کی۔ 

79 کے مجموعے پر صہیب مقصود اس وقت بدقسمت رہے جب وہ فخر زمان کی کال پر کریز سے نکل پڑے اور بولنگ اینڈ پر ہی رن آؤٹ ہوگئے، انھوں نے 19 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

سب سے زیادہ 47 رنز بنانے والے فخر زمان 90 کے مجموعے پر پویلین لوٹے تو ایسے میں شاداب خان نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ اپنی بیٹنگ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کے لیے قیمتی 30 رنز جوڑے۔ 

آخر میں شاہین شاہ آفریدی نے 12 رنز کا حصہ ڈال کر ٹیم کو 141 کے ٹوٹل تک پہنچایا جہاں پوری ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔ 

انگلینڈ کی جانب سے ثاقب محمود 4 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ کریگ اوورٹن اور میٹ پارکنسن کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں اور لوئس گریگوری ایک وکٹ لے کر نمایاں رہے۔ 

کارڈف میں کھیلے جارہے اس میچ میں انگلینڈ کی ٹیم میں پانچ کھلاڑی اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔ 

انگلینڈ کی ٹیم کپتان بین اسٹوکس، فل سالٹ، ڈیوڈ ملان، زیک کراؤلے، جیمز وینس، جان سمپسن، لوئس گریگوری، کریگ اوورٹن، برائڈن کارس، ثاقب محمود اور میٹ پارکنسن شامل ہیں۔ 

پاکستان کی ٹیم کپتان بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، صہیب مقصود، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین آفریدی اور حارث رؤف پر مشتمل ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.