ہفتہ10؍شوال المکرم 1442ھ 22؍ مئی 2021ء

پولینڈ میں پاکستانی سفیر کی پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ کھلی کچہری

وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر پولینڈ میں پاکستانی سفیر محمد فاروق ملک نے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔

اس آن لائن کھلی کچہری میں پولینڈ، لیٹویا، اسٹونیا اور لتھوینیا میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔

سفیر پاکستان محمد فاروق ملک نے کھلی کچہری کے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع علاقے میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے افراد سے نہ صرف تعارف کا ایک موقع ہے بلکہ اس کے ذریعے ہم اپنے لوگوں کے ان مسائل کو بھی جاننے اور حل کرنے کی کوشش کریں گے جس میں کوئی کمی رہتی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مسلسل عمل ہے جس کے ذریعے سفارتخانہ کمیونٹی کے ساتھ اپنے روابط کو مزید مضبوط اور اپنے لوگوں کی ہر ممکنہ مدد اور خدمت کرنے کے لیے تیار ہے۔

سفیرِ پاکستان نے شرکاء کو حکومت پاکستان کی جانب سے شروع کردہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے بارے میں مطلع کرتے ہوئے اسے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔

اس موقع پر کھلی کچہری میں شریک پولینڈ مشن کے زیر انتظام آنے والے ممالک میں موجود پاکستانی کمیونٹی نے سفیر پاکستان کو اپنی تجاویز پیش کیں۔ جس پر قابل عمل تجاویز کو نوٹ کرتے ہوئے ان پر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

آخر میں سفیر پاکستان نے تمام شرکاء کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ اس مشاورتی عمل اور کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.