جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں سی ٹی ڈی نے کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے انتہائی مطلوب کمانڈر خالد سمیت 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق مبینہ دہشت گرد کمانڈر خالد نے جعلی نام سے پاکستانی شناختی کارڈ بنوا رکھا تھا۔
مبینہ دہشت گرد کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے، یہ دھماکا خیز مواد راولپنڈی میں تخریبی سرگرمیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔
گرفتار دہشت گرد کمانڈر خالد 2019ء میں افغانستان میں گرفتار ہو کر جلال آباد اور پل چرخی جیل میں قید بھی رہا ہے۔
گرفتار دہشت گرد 2021ء میں طالبان حکومت آنے کے بعد پل چرخی جیل ٹوٹنے پر فرار ہو کر غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوا تھا۔
دہشت گرد خالد نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے محمد خالد کے نام سے جعلی شناختی کارڈ بنوایا تھا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق پشاور کے رہائشی کالعدم تنظیم کے دہشت گرد فاروق کو بھی دھماکا خیز مواد سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔
دہشت گرد فاروق راولپنڈی اور اسلام آباد میں دہشت گردی کے منصوبے کو انجام دینے کے لیے داخل ہوا تھا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرفتار دونوں دہشت گردوں سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
Comments are closed.