شکرگڑھ میں پٹرول پرچون کی دکانوں پر فروخت ہونے لگا، شہریوں کا کہنا ہے کہ پرچون کی دکانوں پر پیٹرول 250 روپے فی لیٹرتک فروخت کیا جارہا ہے۔
شکرگڑھ میں بھی پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال پر پٹرول پمپس بند ہیں۔ پٹرول پمپس بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے منافع کے مارجن کو بڑھانے کے لیے ملک بھر میں ہڑتال کردی ہے، بیشتر پٹرول پمپس بند ہونے سے شہریوں کو دشواری کا سامنا ہے، بعض سرکاری اور نجی پمپس پر پیٹرول کی فراہمی جاری ہے۔
ڈیلرز کا مطالبہ ہے کہ اُن کے منافع کا مارجن بڑھا کر 6 فیصد کیا جائے، منافع بڑھانے تک حکومت سے مذاکرات بھی نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ حکومت نے مطالبات تسلیم نہیں کیے اس لیے آج سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جب تک ڈیلر مارجن 6 فیصد نہیں کیا جاتا مذاکرات نہیں ہوں گے، حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔
ترجمان وزارتِ پٹرولیم کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پی ایس او، شیل، ٹوٹل اور دیگر کمپنیوں کے تمام پٹرول پمپ کھلے رہیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پٹرول کی فراہمی میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی، عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔
کراچی میں پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث شہر میں پیٹرول پمپس پر ملا جلا رجحان پایا جاتا ہے، شاہراہِ فیصل اور صدر کے علاقے میں کچھ پٹرول پمپس بند اور کچھ کھلے ہیں۔
گزشتہ روز سے پیٹرول پمپس پر شہریوں کا رش ہے، لوگوں نے رات گئے پٹرول پمپس پر لائن میں لگ کر پٹرول بھروایا۔
کراچی میں اکثر پٹرول پمپس بند ہیں، جو پمپس کھلے ہیں وہاں گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگی ہوئی ہیں، گاڑی، موٹر سائیکل کے ساتھ شہری بوتلوں میں بھی پٹرول بھر کر لے جارہے ہیں۔
بعض ایسی ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں کہ دودھ سپلائی کی بالٹیوں میں بھی لوگوں نے پٹرول بھروا کر ذخیرہ کر لیا۔
لوگوں کے رش، ٹنکیاں فل کرانے اور مختلف کینز وغیرہ میں ذخیرہ کرنے کے باعث اکثر پٹرول پمپس پر پٹرول ہی ختم ہو گیا جس کی وجہ سے بھی بیشتر پیٹرول پمپ بند ہو گئے۔
کچھ شہری تو کلفٹن سے پٹرول ڈھونڈتے ڈھونڈتے لیاقت آباد پہنچ گئے مگر پٹرول نہیں ملا اور جو پٹرول تھا اس سے بھی ہاتھ دھونا پڑ گیا۔
بعض شہری رکشے وغیرہ سے اپنی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں ٹو کروا کر گھر اور منزل پر پہنچے، پٹرول نہ ملنے کی وجہ سے شہریوں کو بہت پریشانی کا سامنا ہے۔
شہریوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھا کر ناجائز منافع خور پٹرول من پسند قیمت پر فروخت کر کے خوب پیسے بٹور رہے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس سے جڑواں شہر راولپنڈی کے بیشتر پٹرول پمپس بند ہیں۔
پشاور میں بھی آج سے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاجاً پٹرول پمپس بند ہیں، ایسو سی ایشن کے مطابق مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔
سرگودھا میں بھی پٹرول پمپ مالکان کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کی گئی ہے۔
سرگودھا کے پٹرول پمپس مالکان کامطالبہ ہے کہ حکومتی وعدے کے مطابق ڈیلرز کمیشن 6 فیصد تک بڑھایا جائے۔
پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کے صدر ندیم خان کے مطابق گوجرانوالہ میں ہڑتال غیر معینہ مدت کے لیے ہے، مطالبات کی منظوری تک ہڑتال ختم نہیں کریں گے۔
Comments are closed.