بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پاکستان کی تاریخ میں اتنا بے خبر وزیراعظم آج تک نہیں آیا، مرتضیٰ وہاب

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ  یہ کیسی حکومت ہے جس کے بیانات میں تضادات ہیں، آپ اپنے ایم این ایز کے بارے میں پیسوں کا کہتے ہیں، آٹے، سبزیوں، چینی اور کھانے پینے کی اشیا کے نرخوں کا علم نہیں، پاکستان کی تاریخ میں اتنا بے خبر وزیراعظم آج تک نہیں آیا۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج میں تمام خواتین کو ویمن ڈے کی مبارکباد پیش کروں گا، عظیم خواتین کی انتھک محنت سے عظیم معاشرے کا قیام جاری ہے، پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت خواتین کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے اپنی گفتگو کے دوران موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت کہتی ہے کہ ہم نے پاکستان کی معیشت کو پیروں پر کھڑا کیا، کیا معیشت کی بہتری سے مہنگائی میں 8.7 فیصد اضافہ ہوتا، دالیں، گھی، پیٹرول، کپڑے سب میں مہنگائی ہے، خان صاحب چینی پر 80 روپے کا نوٹس لیا اب قیمت 110 روپے ہوگئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو بنیادی ذمہ داری جس کا وعدہ کیا وہ مہنگائی کا خاتمہ ہے، آپ نے مہنگائی ختم نہیں کی مگر غریب ختم کیے جارہے ہیں، کیسی معیشت ہے جو ترقی کر رہی ہے مگر مہنگائی قابو میں نہیں آرہی۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ خان صاحب جو امپورٹ میں اضافہ ہوا ہے اس کا ذمہ دار کون ہے، رزاق دادؤ نے کہا کہ ایکسپورٹ میں 4 فیصد کمی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کئی کھربوں روپے کا قرضہ لے رہی ہے۔

اُن کا سینیٹ الیکشن پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسلم ابڑو نے ضمیر کے مطابق کوئی رائے استعمال کی تو کارروائی نہیں ہوتی، ان کے لوگوں نے صدرالدین سے دھوکہ کیا، ان کےخلاف کیا کارروائی کریں گے، انہوں نے حفیظ شیخ کے ساتھ دھوکا کیا ہے، وفاقی حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں مرغی 5 سو روپےکلو ہوگئی، وہاں تو عمران خان خود بیٹھے ہیں، اگر کھاد کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا تو سبزیاں اور فروٹ بھی مہنگے ملیں گے، ان کی نا اہلی کی وجہ سے کپاس بھی بیرون ملک سے منگوائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کردیں تو مہنگائی کم ہوجائے گی، پی ٹی آئی سیاسی وابستگی تبدیل کرنے والوں کی جماعت ہے،  ان کے تمام اراکین ن لیگ، ق لیگ اور پیپلز پارٹی کے ہیں، ان لوگوں نے خود اپنی وابستگیاں تبدیل کرنے والوں کوجمع کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.