بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، عمران خان

اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کا کہنا ہے کہ یومِ شہدائے کشمیر پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم 13 جولائی 1931ء کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہےکہ 13 جولائی 1931ء کو مہاراجہ ڈوگرا کے فوجیوں نے پرامن مظاہرین پر فائرنگ کی تھی۔

عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی قبضے اور ظلم و بربریت کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد، مزاحمت اور قربانیوں کی ایک تاریخ ہے اور ڈوگرا مہاراجہ کے سپاہیوں کی پر امن مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں 22 کشمیری شہید ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت کا جذبہ آج بھی زندہ ہے اور  کشمیری مرد اور خواتین بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کشمیریوں کو اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حقِ خودارادیت ملنے تک کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور  پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

You might also like

Comments are closed.