جمعرات 6؍شوال المکرم 1444ھ27؍اپریل 2023ء

پاکستان کا ون ڈے کرکٹ میں بڑا سنگ میل، 500 فتوحات مکمل

پاکستان مینز کرکٹ ٹیم نے ون ڈے انٹرنیشنلز میں بڑا سنگ میل عبور کرتے ہوئے 500 فتوحات مکمل کرلیں۔ 

راولپنڈی میں نیوزی لینڈ کو سیریز کے پہلے ون ڈے میں شکست دے کر قومی مینز کرکٹ ٹیم نے ون ڈے انٹرنیشنلز میں مجموعی طور پر 500 فتوحات مکمل کیں۔

واضح رہے کہ پاکستان مینز کرکٹ ٹیم 500 ون ڈے میچز جیتنے والی تیسری ٹیم ہے۔

پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل نے 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ہدف کے تعاقب کرتے ہوئے فخر زمان نے 117 رنز بنائے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے 500 فتوحات اپنے 949ویں ون ڈے انٹرنیشنل میں مکمل کیں۔

پاکستان سے قبل آسٹریلیا اور بھارت بھی پانچ، پانچ سو ون ڈے میچز جیت چکے ہیں۔

آسٹریلیا نے 978 میچز کھیل کر 594 ون ڈے انٹرنیشنلز میں کامیابی حاصل کی جبکہ بھارت نے 1029 میچز میں سے 539 ون ڈے انٹرنیشنل میچز جیتے ہیں۔

پاکستان نے اب تک سری لنکا کیخلاف 92، بھارت کیخلاف 73، ویسٹ انڈیز کیخلاف 63 ون ڈے جیتے ہیں۔

نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان نے 57 اور زمبابوے کیخلاف 54 میچز میں کامیابی حاصل کی۔

پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف 34، بنگلادیش اور انگلینڈ کے خلاف 32، 32 میچز جیتے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.